تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات مئی، جون میں کرنے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات مئی، جون میں کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے تعلیمی اداروں کی مسوم گرما کی تعطیلات مئی اور جون میں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ترجمان وزیر تعلیم سندھ کے مطابق محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کی زیر صدارت ہواجس میں فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما کی تعطیلات مئی اور جون میں کی جائیں گی ۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کالجز میں نیا تعلیمی سال جولائی کے بجائے اگست سے شروع ہوگا۔وزیرتعلیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں یوم کشمیر، یوم پاکستان ،یوم آزادی، عرس شاہ عبداللطیف بھٹائی، عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم اور 11 ستمبر کی چھٹی ختم کر دی جائے گی۔اجلاس میں سندھ کے تعلیمی اداروں میں یوم کشمیر، یوم پاکستان اور یوم آزادی جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ترجمان وزیر تعلیم کے مطابق یوم کشمیر، یوم پاکستان اور یوم آزادی سمیت دیگر ایام میں تدریسی عمل معطل رہے گا، طلبہ کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے ان دنوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار بھی تبدیل کرتے ہوئے اسکول اور کالجز کے اوقات صبح ساڑھے 8 سے دوپہر2 بجے تک مقرر کر دیئے گئے جبکہ اساتذہ کو اسکول اور کالجز میں 3 بجے تک رکنے کا پابند کیا گیا ہے۔