قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،کاشف شیخ

قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،کاشف شیخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے لورالائی ٹریننگ سینٹر پر حملہ اور 4 جوانوں کی شہادت کے واقعے پراظہار افسوس اور حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظرمیں پاکستان امریکہ سمیت عالم کفر کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحیقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے کرپشن اور دہشت گردی کے شیطانی گٹھ جوڑ کا خاتمہ پوری قوم کی اولین ترجیح ہے۔ ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دفاع وطن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان امت کی امیدوں کی کرن ہے۔ عالم کفر خصوصا ہمارا پڑوسی ملک بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصورف جس نے قیام پاکستان سے لیکر تاحال ہمیں دل سے تسلیم نہیں کیا بلوچستان میں شورش سے لیکر دہشت گردی کی کاروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے پکے ثبوت ملے ہیں، کل بھوشن کے انکشافات اس کی واضح مثال ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اس کا چھوٹا پن،امن دشمنی اورپاکستان کے خلاف جارہانہ عزائم کا اظہار ہے۔وادی کشمیر میں بڑہتی ہوئی جدوجہد آزادی کی تحریک سے مودی سرکاربوکہلاہٹ کا شکار ہے ،مودی کی حالیہ ہرزہ سرائی اس بات کی عکاسی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر