پشاور چائنا سنٹر کا قیام خوش آئندہ ہے‘ عاطف خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت، ثقافت، آرکیالوجی، کھیل وامور نوجوانان عاطف خان نے کہا ہے کہ پشاور میں چائنہ سنٹر کا قیام خوش آئند اور ایک اچھی کاوش ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے مزید مضبوط ہوجائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چائنہ ونڈو سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ چائنہ ونڈو سنٹر میں چین کی تاریخ اور ثقافت کی بہت عمدہ طریقے سے عکاسی کی گئی ہے جسے دیکھنے کے بعد چین جانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔اسکے علاوہ چائنہ سنٹر میں سی پیک کے حوالے سے بھی اہم معلومات کی فراہمی سے متعلق انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں چائنہ سنٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوجائیں گے۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت جلد ہی ہمسایہ ممالک کیساتھ کلچر ایکسچینج پروگرام شروع کرے گی جس سے خیبر پختونخوا کی ثقافت عالمی سطح پر ابھرے گی۔اسکے علاوہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اور صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔سیاحت اور ثقافت کو فروغ دیکر عالمی سطح پر نہ صرف خیبر پختونخوا کا امیج بہتر ہوگا بلکہ اس سے معیشت بھی مذید مضبوط ہوگی۔