بھاری تعداد میں ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام ملزمان گرفتار

بھاری تعداد میں ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام ملزمان گرفتار

پشاور(سٹی رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے درہ آدم خیل سے لاکھوں روپے مالیت کا بھاری تعدادمیں اسلحہ ایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران تین اسلحہ سمگلروں کو گرفتار کر لیاگرفتار کیے جانیوالے دو ملزمان جی ٹی روڈ کے راستے ایمونیشن جبکہ ایک ملزم موٹر کار کے ذریعے درہ آدم خیل سے بھاری اسلحہ سمگل کر نے کی کوشش کر رہا تھاتینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے حوالات منتقل کردیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاورنے سال نو کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے ہوئے تھے جس کے دوران شہر کے تمام داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل جاری تھا اس دوران ایس پی صدر ڈویژن صاحبزداہ سجاد خان کو خفیہ زرائع سے اطلاع ملی کہ درہ آدم خیل سے لاکھوں روپے مالیت کا اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اطلاع ملنے پر انہوں نے ڈی ایس پی صدر سرکل فضل واحدکی نگرانی میں پولیس ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ایچ او متنی عبدالعلی خان بمعہ دیگر نفری نے کشن گڑھ روڈ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے درہ آدم خیل سے آنیوالی مشتبہ موٹر کار نمبر R-5114 کو روک کر گاڑی کی چیکنگ کرنے پر خفیہ خانوں سے 13120 عدد مختلف بور کے کارتوس اورایک عدد پستول برآمد کرکے گاڑی میں سوار سمگلر قیصر ولد زیرا جان سکنہ درہ آدم خیل کو گرفتار کرلیا ۔اسی طرح دوسری کاروائی میں ایس پی سٹی شفیع ا للہ گنڈا پور کی ہدایت پر ڈی ایس پی عتیق شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او ہشتنگری اشفاق خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے دو مشکوک افرا د کو روک کر ان کی چیکنگ کرنے پر ان کے قبضہ سے مختلف بور کے 400 کارتوس برآمد کرلیے جبکہ ملزمان رحمت اللہ ولد فیض اللہ اورسید نجم الحسنین ساکنان پاڑہ چنار کو گرفتار کرلیا پولیس نے دونوں کاروائیوں میں گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے

مزید : کراچی صفحہ اول