سندھ حکومت کو نہیں پی ٹی آئی حکومت کو خطرہ ہے، سعید غنی
کراچی (این این آئی) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں جو خطرے کا خواب دیکھ رہے تھے ان کی حکومت خود خطرے میں ہے ۔ وہ شیخو پورہ سے آئے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماء چوہدری منیر قمر واہگہ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی پی پی شیخو پورہ (پنجاب) کے رہنماء چوہدری منیر قمر واہگہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کمزور کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ۔شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کی ترقی کیلئے اقدامات کیے۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں حقیقی جمہوریت کو فروغ دیا۔ پاکستان کے عوام کل بھی پی پی پی کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہنگے اور وہ دن دور نہیں جب ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی بر سر اقتدار ہو گی۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی مشکلات میں صرف اضافہ ، ملک کو بحران میں مبتلا کرنے ، مہنگائی پے مہنگائی کہ علاوہ کچھ نہیں کیا۔ عوام پی ٹی آئی حکومت سے چند ماہ میں ہی تنگ آچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماء چوہدری منیر قمر واہگہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اب سیاسی شہید ہونے کا راستہ تلاش کر رہی ہے۔ اسے یہ راستہ بھی نہیں مل رہا کیونکہ فلاپ طرز حکمرانی نے ملک کو سیاسی ، اقتصادی بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔ عوام ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اور پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کرئے گی۔