جسٹس آصف سعید کھوسہ کو نیا چیف جسٹس پاکستان مقرر کرنے کی منظوری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو نیا چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کی منظوری دیدی ۔نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزارت قانون کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کر دیئے ۔ موجودہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار 17 جنوری کو ریٹائر ہو جائیں گے جس کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی سکول سے حاصل کی، 1969ء میں میٹرک کے امتحان میں پانچویں پوزیشن حاصل کرکے نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ کے حق دار قرار پائے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے اور 1971ء میں لاہور بورڈ سے اول پوزیشن کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا اور دوسری مرتبہ نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ حاصل کیا۔ گورنمنٹ کالج سے منسلک رہتے ہوئے1973ء میں بی اے کے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کی اور تیسری مرتبہ بھی نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ اپنے نام کیا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1975ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کا امتحان پاس کیا اور اورپھر اعلیٰ تعلیم کیلئے برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے کیمرج یونیورسٹی سے 1978ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ