جعلسازی کیس، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کو جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا ،پولیس نے گرفتار کر لیا

جعلسازی کیس، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کو جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی ...
جعلسازی کیس، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کو جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا ،پولیس نے گرفتار کر لیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ٹنڈو آدم کی مقامی عدالت نے جعلسازی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچانند کو  3 سال قیدکی سزا سنادی،پولیس نے مجرم دیوان سچا نند کو  کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنڈوآدم کامران کلہوڑو کی عدالت میں جعلسازی کے مقدمے کی سماعت ہوئی،پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے جرم ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو3سال قید کی سزا کا حکم دیدیا،سزاسنائے جانے پر ملزم پی ٹی آئی ایم پی اے دیوان سچانند کو گرفتار کرلیا گیا۔

دیوان سچا نند مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن سندھ اسمبلی ہیں،دیوان سچانند نے کاروباری لین دین پرسیٹھ ایوب راجپوت کو1کروڑروپے کاچیک دیاجو باؤنس ہوگیاتھا۔جس کے بعد سیٹھ ایوب راجپوت نے دیوان سچا نند کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور کافی عرصہ سے کیس عدالت میں زیر سماعت تھا جس پر آج مقامی عدالت نے کیس کا فیصلہ سنا دیا ۔عدالت سے تین سال قید کی سزا سننے اور گرفتاری کے بعد دیوان سچا آنند کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ کیس غلط تھا بہرحال عدالت نے سزا سنا دی ہے جس پر میں اپیل میں جاؤں گا اور اپنی ضمانت کی درخواست بھی دائر کروں گا ،مجھے امید ہے کہ اس کیس میں انصاف ہو گا ۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی /اہم خبریں