پی ٹی آئی کے 25ہزار اوورسیز ورکرز کے لئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے
دبئی (طاہر منیر طاہر) پی ٹی آئی کے اوورسیز ورکرز کو یہ خوش خبری سنائی گئی ہے کہ انہیں پاکستان میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں فی الحال 25ہزار نوکریاں فراہم کرنے کی نوید سنائی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اوورسیز ورکرز ملازمتوں کے حصول کے لئے رجوع کریں۔ یہ خوش کن اطلاع اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے چیئرمین چودھری وسیم اختر رامے نے دبئی میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے ایک عشائیہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے دی۔
وسیم اختر نے مزید کہا کہ اوورسیز میں مقیم پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ان کی تعلیم اور قابلیت کے مطابق ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم عمران خان اگلے انتخابات کے لئے بلکہ آنے والے نسلوں کے لئے سوچتا ہے۔ ہم اپنے ہر ورکر کو اس کا جائز حق اور عزت و احترام دیں گے جس کے لئے عملی کام شروع ہوچکا ہے۔
چودھری وسیم اختر رامے کے اعزاز میں عشائیہ کے اہتمام پی ٹی آئی دبئی نے کیا تھا جس میں میاں اویس انجم، حاجی میر حسن، محمد شاہد خان، چودھری عبید اللہ، شاہسوار خان، عرفان گوگی، ہمیش خان، یماب خان، چودھری جاوید اقبال، گل محمد خان، علی اکبر خان، عزیز اللہ ملنگی، شیخ عاطف راشد، وقار احمد خان، حضرت خان، گل شیر خان، سردار علی خان اور محمد عثمان خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے متعدد ورکرز نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز محمد اسلم سرکانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ سٹیک سیکرٹری کے فرائض حسب سابق امجد اقبال امجد نے انجام دئیے۔
اس موقع پر شرکائے تقریب نے او پی سی کے چیئرمین چودھری وسیم اختر رامے کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر او پی سی کے چیئرمین نے کہا کہ پنجاب کی سطح پر قائم او پی سی اپنا کام بطریق احسن انجام دے رہا ہے اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے محمد شاہد خان نے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی پر ایک مفصل رپورٹ پیش کی جبکہ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک اب صحیح انداز میں ترقی کی راہ کی طرف گامزن ہے۔ ملک سے کرپشن اور کرپٹ لوگوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس دن ملک کرپشن اور کرپٹ لوگوں سے پاک ہوگیا پاکستان دنیا کا ایک مثالی ملک بن جائے گا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے لئے مسلسل 22 سال کام کرنے والے کارکنوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا کہ جن کی وجہ سے پی ٹی آئی اقتدار میں آئی۔