بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں،دنیا نوٹس لے:سید علی گیلانی

بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی ...
بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں،دنیا نوٹس لے:سید علی گیلانی

  

سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے روح رواں اور حریت  کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ  گیلانی  نے  گلشن پورہ ترال معرکے میں شہید ہوئے مجاہدین کو  شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے یہ سرفروش قوم کی آزادی کے لیے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں، ایک طرف ہمارے نوجوانوں کو ہم سے چھینا جارہا ہے اور دوسری طرف لوگوں کو ظلم وجبر کے خلاف احتجاج کرنے کے ’’جرم‘‘ میں بربریت اور سفاکیت کا شکار بناکر ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کی جارہی ہے۔

بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے قابض بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر ٹیرگیس شلنگ اور طاقت کے بے تحاشا استعمال کے نتیجے میں درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری شہدا  کی جرأت اور جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں،بھارت کے حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی والی پالیسی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں۔سید علی شاہ  گیلانی   نے کہا کہ بھارتی فوج اور اس کی معاون فورسز نے عام کشمیریوں کے خلاف اعلانِ جنگ کیا ہوا ہے اور وہ ایک منصوبہ بند طریقے پر ان کو قتل کررہی ہیں،دنیا کے انصاف پسند لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ قابض بھارتی افواج کی طرف سے کشمیری قوم کی طرف سے چلائی جارہی حق خودارادیت کی تحریک کو بزور طاقت دبانے کے نتیجے میں اجتماعی نسل کُشی کی ظالمانہ کارروائیوں کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اس کے تایخی پسِ منظر میں حل کرانے کے لیے آگے آئیں کیونکہ جموں کشمیر میں جو بھی تشدد اور خون خرابہ ہورہا ہے یہ بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے جو مسئلہ کشمیر کو صرف بندوق اور ملٹری مائنڈ کے ذریعے سے حل کرانے پر بضد ہے۔

مزید : قومی /علاقائی /آزاد کشمیر /مظفرآباد