مسلم لیگ(ن) کے بوئے ہوئے کا پوری قوم خمیازہ بھگت رہی ،قومی دولت لوٹنے والوں سے مہمند ڈیم کا عملی اقدام برداشت نہیں ہو رہا :فواد چوہدری

مسلم لیگ(ن) کے بوئے ہوئے کا پوری قوم خمیازہ بھگت رہی ،قومی دولت لوٹنے والوں سے ...
مسلم لیگ(ن) کے بوئے ہوئے کا پوری قوم خمیازہ بھگت رہی ،قومی دولت لوٹنے والوں سے مہمند ڈیم کا عملی اقدام برداشت نہیں ہو رہا :فواد چوہدری

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کے بوئے ہوئے کا پوری قوم خمیازہ بھگت رہی ہے ،بے رحمی کے ساتھ قوم کا سرمایہ لوٹنے والے آج بین ڈال کر معصوم بننے کی کوشش نہ کریں ،باتیں کرنے والوں سے مہمند ڈیم کی تعمیر کا عملی اقدام برداشت نہیں ہو رہا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں سابق وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی و دیگر کی پریس کانفرنس پررد عمل کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ اور سزائیں سنائے جانے کے بعد اپوزیشن کو عوام اور معیشت کی یاد ستانے لگی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاش عوام کا درد اور معیشت کی بدحالی انہیں اس وقت یاد آتی جب یہ اقتدار میں تھے، خطرے کی گھنٹیاں بجیں تو عوام نے لوٹ مار کرنے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینک دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ انہی کے بوئے ہوئے کا پوری قوم خمیازہ بھگت رہی ہے،انہوں نے معیشت کی جڑیں کھوکھلی کیں،ملک کو قرض کی دلدل میں دھکیلا،بے رحمی کے ساتھ قوم کا سرمایہ لوٹنے والے آج بین ڈال کر معصوم بننے کی کوشش نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ معاشی مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کو چاہیے کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کے خلاف پریس کانفرنس کریں،انہیں کہیں کہ لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن راہنما ایسی پریس کانفرنسز کرکے قوم کی دولت لوٹنے کے جرم میں اعانت جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں،باتیں کرنے والوں سے مہمند ڈیم کی تعمیر کا عملی اقدام برداشت نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہاکہ اپنا گھر بھرنے والوں کو عوام کیلئے ڈیم کا منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا، عمران خان کی سب سے بڑی شناخت اس کی دیانتداری ہے۔انہوں نے کہاکہ بددیانتی کی علامتیں مشورے دینے کی بجائے اپنے اعمال پر توبہ کریں۔

مزید : قومی