سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی تشکیل، کون کونسے اداروں کے افسران شامل ہیں؟جان کر شہباز شریف کی پریشانی کی انتہا نہ رہے گی

Jan 03, 2019 | 09:07 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی، آئی جی موٹر ویز اے ڈی خواجہ سربراہ ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، ماڈل ٹاؤن سانحہ پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ آئی جی موٹر ویز اے ڈی خواجہ ہوں گے۔کمیٹی میں آئی ایس آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل محمد عتیق الزمان، ایم آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا اور آئی بی کے نمائندے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد احمد کمال ہوں گے۔جے آئی ٹی میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پولیس گلگت بلتستان قمر رضا جسقانی کو بھی شامل کیا گیا ہے، جے آئی ٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق معاملات کی تحقیقات کرے گی۔

یاد رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والی خاتون تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے  نئی جے آئی ٹی کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو  لاہور رجسٹری میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درخواست دی تھی، اس درخواست کی پیروی ڈاکٹر طاہر القادری نے کی تھی اور نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے تفصیلی دلائل دئیے تھے جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا اور پھر 5دسمبر کو ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام آباد میں تفصیلی دلائل دئیے جس پر پنجاب حکومت کی طرف سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی تحریری یقین دہانی کے بعد لارجر بنچ نے بسمہ امجد کی درخواست نمٹا دی تھی۔

مزیدخبریں