مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ،اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جلد ہی حکومت گر سکتی ہے: مولانا عبدالغفور حیدری 

مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ،اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جلد ہی حکومت ...
مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ،اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جلد ہی حکومت گر سکتی ہے: مولانا عبدالغفور حیدری 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ  اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جلد ہی حکومت گر سکتی ہے ،حکومت کی کارکردگی کچھ نہیں ہے ،مہنگائی سے عوام پریشان جبکہ پی ٹی آئی گورنمنٹ کے پاس کوئی ایسا منصوبہ نہیں جس کے ذریعے سے بڑھتی مہنگائی پہ قابو پایا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ یہاں حکمرانوں نے ہمیشہ جھوٹے نعروں سے کام لیا ، روٹی کپڑا اور  مکان دینے کا کہا گیالیکن وہ بھی چھن گئے ،کہا گیا کشکول توڑ دینگے لیکن کشکول نہیں ٹوٹا، کہا گیا نیا پاکستان بنائینگے لیکن پرانے پاکستان سے بھی بدتر ملک بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے، وہ حکومت جو کہتی تھی کہ ہم ایک کروڑ نوکریاں دینگے وہ نوکریاں تو نہیں دے سکی البتہ لوگوں سے روزگار چھینا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں عملا کوئی حکومت نظر نہیں آرہی،کوئٹہ ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار کو ایک سازش کے تحت ہرایا گیا ،سی پیک کو رول بیک نہیں ہونے دینگے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرتار پور بارڈر کا بہانہ کرکے قادیانیوں کیلئے سہولت کاری کا فرائض سرانجام دے رہی ہے،27 جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں تاریخ ساز ملین مارچ کرنے جارہے ہیں، موجودہ حکومت صرف 5 سیٹوں کی بیساکھی پہ کھڑی ہے لیکن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جلد ہی خود حکومت گر سکتی ہے ۔

مزید : قومی