پہلاون ڈے:نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 45رنز سے ہرا دیا
ماونٹ مانگانوئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد ون ڈے سیریز کا بھی شاندار آغاز کرتے ہوئےمہمان ٹیم سری لنکن ٹیم کو 45رنز سے ہرادیا ،دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں سکور کیں،میزبان ٹیم میں ڈیڑھ سال بعد واپس آنے والے جمی نیشام نے ایک اوور میں5چھکوں کی مدد سے 13گیندوں پر47رنز بنانے کے بعد 3وکٹیں بھی لیں تاہم کیوی اوپنر مارٹن گپٹل 138رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 7وکٹوں کے نقصان پر376رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ۔گپٹل کی سنچری،کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی نصف سنچریوں اور اننگز کے آخری مراحل میں جیمی نیشام کی طوفانی بیٹنگ نے میزبان ٹیم کو بڑا سکور کرنے میں مدد فراہم کی ۔گپٹل نے 139گیندوں پر5چھکوں اور11چوکوں کی مدد سے138بنائے، کین ولیمسن نے 77اورروس ٹیلر نے54رنز بنائے ۔ جیمی نیشام سری لنکن بولر تھیسارا کے ایک اوور میں 5چھکے لگانے میں کامیاب رہے اور 13گیندوں پر47رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کے سکور کو مقررہ 50اوورز کے اختتام پر376رنز تک پہنچا دیا ۔کپتان لیستھ ملنگا، نووان پردیپ اور تھیسارا پریرا نے2،2وکٹیں لیں۔تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے119رنز کی شراکت فراہم کی لیکن اس کے بعد وقفوں سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ،مہمان بیٹسمین 326رنز تک پہنچ گئے لیکن اس کے ساتھ ہی 49 ویں اوورکی آخری گیند پر ان کی آخری وکٹ بھی گر گئی اور نیوزی لینڈ نے یہ میچ45رنز سے جیت کر سیریز میں1-0کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکاکی جانب سے کوشل پریرا نے سنچری سکور کی اور86گیندوں پر 102رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ اوپنر نیروشان ڈکویلا76 اوردنوشکا گوناتھیلاکا 43رنزکے ساتھ نمایاں رہے ۔جمی نیشام نے 3، اش سوڈھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔