عمران خا ن پرہنسنے والوں پرتقدیر ہنس رہی ہے ، علی محمد خان کا دعویٰ

عمران خا ن پرہنسنے والوں پرتقدیر ہنس رہی ہے ، علی محمد خان کا دعویٰ
عمران خا ن پرہنسنے والوں پرتقدیر ہنس رہی ہے ، علی محمد خان کا دعویٰ

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاہے کہ جولوگ اس وقت عمران خان پر ہنس رہے ہیں ، تقدیر ان پر ہنس رہی ہے، اندھیری رات گزر چکی ہے اوراب صبح صادق ہونے والی ہے، جس ملک کا 70 سالوں میں ستیا ناس کیا گیا اس کو اب 16ماہ میں” نیا نکور“ نہیں کیا جاسکتا ۔

نجی نیوزچینل 92کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد وہ نظریہ جس کے تحت پاکستان بنایا گیا تھا بھولنے کے بعد جو آیا جس نے جو چاہا وہ کیا ۔ اس کے بعد ملک کے ایک قابل فخر سپوت عمران خان نے ایک تحریک چلائی جس پر نوجوانوں نے لبیک کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا ستر سالوں میں ستیا ناس کیا گیا اس کو اب 16ماہ میں” نیا نکور“ نہیں کیا جاسکتا ۔انتظار کریں آہستہ آہستہ سب ٹھیک ہوجائے گا ۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جولوگ اس وقت عمران خان پر ہنس رہے ہیں ، تقدیر ان پر ہنس رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کوٹھیک ہونا ہے اورمسکرانے والے میر ی بات سن لیں کہ اس ملک کو ٹھیک ہونا ہے ۔گزشتہ حکومت نے ملک کا برا حال کیا ، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن ہم نے ملک کو نہیں لوٹا۔انہوں نے کہا کہ اندھیری رات گزر چکی ہے اوراب صبح صادق ہونے والی ہے ، ہر دور میں اس شخص کا مذاق اڑایا گیا ہے جس نے نئی بات کی ہے ۔ میں نہیں کہتا کہ مہنگائی نہیں ہے اور لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال اچھی ہے لیکن اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

مزید : قومی