متحدہ عرب امارات کاپا کستان کیلئے 20کروڑ ڈالر فنڈ کا اعلان، دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا عزم 

  متحدہ عرب امارات کاپا کستان کیلئے 20کروڑ ڈالر فنڈ کا اعلان، دو طرفہ تعلقات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
اسلام آباد/ ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر فنڈ کا اعلان کردیا،متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی جانب سے جاری یہ فنڈ پاکستان کے چھوٹے کاروباری افراد اور انٹر پرینیورز پر خرچ ہوگا۔یواے ای ولی عہد نے پاکستان اور یو اے ای تعلقات کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی تیز رفتار ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خا ن اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زیدنے پاکستان اورمتحدہ عرب  امارات کے درمیان  دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیاہے جبکہ وزیراعظم نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا اہم کردار اداکرے،امن،مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہان نے اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر سینئر حکام اور کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی ابوظہبی کے ولی عہد کے ہمراہ تھا۔خصوصی جذبہ خیر سگالی کے طور پر وزیراعظم عمران خان نے نور خان ایئر بیس پر جا کر ولی عہد محمد بن زید کا استقبال کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید نے تفصیلی مذاکرات کیے جن میں دوطرفہ علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر خصوصی توجہ مرتکز کی گئی، یہ مذاکرات وزیراعظم کی جانب سے ولی عہد اور ہمراہ وفد کے اعزازمیں دیے گئے ظہرانے تک جاری رہے۔اس دوران وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت میں استحکام،غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بڑھتے مواقع،مفید تجارت اور اہم شراکت دار ملکوں کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو اجاگر کیا۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بڑھتی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔اس کے علاوہ توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے ممکنات پر بھی بات چیت کی گئی۔مذاکرات کے دوران سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے شعبے میں قریبی تعاون بھی زیر غور آیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات میں مثبت کردارادا کرنے والے 16لاکھ پاکستانیوں کی خدمات کو بھی اجاگر کیا جو یو اے ای کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی قیادت اور عوام کا پاکستان کی اقتصادی وسماجی ترقی کیلئے عزم اور خصوصی طور پر امور نوجوانان،تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کو مقبوضہ کشمیر میں 150دن سے زائد جاری بھارتی غیر انسانی لاک ڈاؤن کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے بھارت کے امتیازی شہریت کے ترمیمی ایکٹ اور نیشنل رجسٹر آف سیٹیزنز(این آرسی) کے نفاذ اور ان کے منفی نتائج کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اس بات پر زوردیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جاری لاک ڈاؤن،دیگر پابندیوں، ایل او سی پر کشیدگی پھیلنے سے بچانے اور اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھی اپنا کردارادا کرے۔مذاکرات میں اسلامی امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے او آئی سی کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔عمران خان نے ابو ظہبی کے ولی عہد کو افغان امن اور مصالحتی عمل اور پاکستان کی کوششوں اور مثبت کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔عمران خان نے اس بات پر زوردیا کہ پرامن،مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے جبکہ اس دوران ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زوردیا اور پاکستان کے برادر عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور دعا کی کہ پاکستان 2020میں مزید ترقی کرے۔انہوں نے جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام اورخطے میں مسائل کے پر امن حل کیلئے متحدہ عرب امارات کی حمایت کو بھی اجاگر کیا۔ولی عہد نے او آئی سی میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہا۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو  نور خان ائیر بیس پر روایتی لباس میں دو بچوں نے مہمان خصوصی کو گلدستے پیش کیے اور انہیں خوش آمدید کہا۔بعدازاں وزیراعظم کے ہمراہ ولی عہد شیخ محمد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، اس دوران عمران خان نے خود گاڑی چلائی۔ بعدازاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔متحدہ عرب امارات  کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی طرف سیکیورٹی کے سخت انتظامات  کئے گئے۔۔ادھر پاکستان میں قائم اماراتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی ہدایت پر پاکستان میں 40 منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں شروع کیے گئے منصوبوں کی لاگت 73 کروڑ درہم ہے۔ ان منصوبوں کی رقم ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ سے جاری کی جا رہی ہیں۔اماراتی میڈیا کے مطابق خصوصی فنڈ کا قیام ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران عمل میں آیا۔ اس فنڈ سے پاکستان کو معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے خصوصی فنڈ پر متحدہ عرم امارات کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم/ملاقات


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن،این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہم نے پچاس لاکھ گھر بنانے ہیں، اس میں بیورویسی کا بھی اہم کردار ہے لیکن بیورو کریٹ نیب سے ڈرے ہوئے تھے، نیب آرڈیننس میں ترمیم مشکل فیصلہ تھا لیکن بیوروکریسی کو طریقہ کار کی غلطیوں پر نیب کے شکنجے سے بچانا چاہتے تھے۔اسلام آباد میں سول سرونٹس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی مشاورت اور اتفاق رائے سے چلنا ہوتا ہے۔ شور مچانے والوں کو پہلے ترامیم پڑھ لینی چاہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ملکی قرضوں میں 24 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان پر 2018 تک 30 ٹریلین قرضوں کا بوجھ تھا۔ ہماری حکومت کا پہلا سال قرضوں کا سود ادا کرنے میں چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے گورننس سسٹم کانظام ٹھیک ہو اور فیصلے جلدی ہوں اور فیصلے جلدی اس لئے نہیں ہورہے تھے کہ بیورو کریٹ نیب سے ڈرے ہوئے تھے کہ پروسیجر پر توکوئی بھی پکڑا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بیورو کریسی پر نیب کاخوف آگیا تو کوئی بڑا فیصلہ ہوناہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تو نیب کے دائرہ کار میں نہیں آتے اور جہاں تک ٹیکسز کاتعلق ہے تو یہ ویسے ہی ایف بی آر کاکام ہے،یہ بات میں نے چیئر مین نیب کو بھی سمجھائی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں پیسہ اس وقت آئے گا جب صنعتیں چلیں گی جبکہ بہت جلد ملک کوقرضوں سے نکال لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کراچی سے پی ٹی آئی ایم این ایز (ارکان قومی اسمبلی) کے تجویز کردہ منصوبوں کو شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ وفاق کی جانب سے کراچی میں 10 موبائل میڈیکل یونٹس بنائے جائیں گے اور 100 نئے آر او پلانٹس کے منصوبوں پر کام مکمل کیا جائے گا۔مزید برآں  میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی کے اجلاس  میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مسلسل محنت سے معیشت کو آئی سی یو سے نکال دیا، وزیراعظم عمران خان نے میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی کے اجلاس کے دوران عوامی مفاد کے منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا اورحکومتی ٹیم عوامی ریلیف کے لیے اقدامات تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ٹیم قوم تک ثمرات پہنچانے کے لیے اقدامات کرے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت پناہ گاہ، لنگرخانوں جیسے منصوبے شروع کیے،غریب طبقے کے ریلیف کے لیے ایسے مزید اقدامات شروع کریں، وفاقی وزرا اور حکومتی شخصیات عوام کے پاس جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو شیلٹر ہومز کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نظر رکھیں سردی میں لوگ سڑکوں پر نہ سوئیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے، دال،آٹا، چینی،گھی اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائیں۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -