مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3نوجوان شہید، عوام سراپا احتجاج، التجا مفتی گرفتار
سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں غاصب فوج نے 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور مودی سرکارکے خلاف نعرے بازی کی،بھارتی فورسز نے علاقے سے چند نوجوانوں کو بھی گرفتار کر لیا۔دوسری جانب سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے التجا مفتی کو حراست میں لینے کے بعد ان کے گھر جانے والے تمام راستے بند کردئیے۔علاوہ ازیں وادی میں ٹیکسٹ میسیجنگ سروس محض جزوی طور پر بحال کی گئی، علاقے کے اہم انتظامی افسر بصیر خان نے تصدیق کی کہ میسیجنگ سروس صرف بھارت سنچر نگم لمیٹڈ کے صارفین کیلیے بحال کی گئی جبکہ ایئرٹیل حکام کا کہنا ہے کہ سروس کی بحالی کے حکم پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ٹیکسٹ میسیجنگ سروس کی جزوی بحالی پر کشمیری عوام اور صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر
نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی مسلمان خواتین کی جرات،عزم اور استقلال نے مودی سرکار کو حیران کردیا، نئی دہلی کی 120 سال کی ریکارڈ سردی میں خواتین شیر خوار بچوں کے ساتھ باہر نکل ائیں۔تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں درجہ حرارت 2 ڈگری تک گر گیا لیکن شاہین باغ کی ہزاروں خواتین مسلسل 18ویں رات متنازعہ شہریت قانون کے خلاف چھوٹے بچوں کو لے کر باہر نکلیں اور دھرنا جاری رکھا۔متنازع قانون کے خلاف ہر عمر کی خواتین ساری رات سڑکوں پر رہیں، رضاکار کمبل، رضائیاں، گرم انڈے، بریانی اور چائے لے کر احتجاج میں پہنچ گئے۔
بھارت احتجاج