نئے سال میں پنجا ب اقتصادی، معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور محور ہوگا: عثمان بزدار

    نئے سال میں پنجا ب اقتصادی، معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور محور ہوگا: عثمان ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے سال میں پنجاب ہی اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور محور ہوگا،صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں، نئے سال میں عوام کو واضح ریلیف محسوس ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء ڈاکٹر اختر ملک، پیر سید سعیدالحسن شاہ، سردار آصف نکئی، ملک اسد کھوکھر، کرنل(ر) محمد انور،سیدصمصام بخاری، اجمل چیمہ، اراکین اسمبلی،سردار طالب نکئی، سردار سبطین خان، ملک سلیم لابر، نذیر احمد چوہان،افتخار حسین گوندل،سید افتخار حسین گیلانی،مسرت جمشید چیمہ، عابدہ راجہ،خیال احمد کاسترو، فرحت فاروق اوردیگر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو بہترین ماحول اور سہولتیں دینا چاہتے ہیں جبکہ ہر شہر کی یکساں ترقی کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔بعدازاں اجلاس میں ٹرین کے کرائے کے حوالے سے بھی تجاویز پر غور کیا گیا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے منصوبے کے مینیٹنس اینڈ آپریشنل کنٹریکٹ اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا اورکرائے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹرین کے روٹ کے نیچے سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے اور روٹ کے نیچے سڑکوں پرٹریفک کے مسائل کو بھی فی الفور حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے، ہاتھ ملایا اور ان کے مسائل سنے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں اور مسائل کے حل کیلئے خودلوگوں سے ملتا ہوں۔ عوام کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔

 سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...