حریت کانفرنس کے چیئر مین سیدعلی گیلانی علیل ہو گئے
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنماء سیدعلی گیلانی کی صحت خراب ہو گئی ہے اور حریت کانفرنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیلانی صاحب کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔سردی کی شدت کی وجہ سے انکی خرابی صحت میں شدت آئی ہے۔ سیدعلی گیلانی گزشتہ دس سال سے اپنے گھر میں نظربند ہیں اور انہیں علاج معالجے کی مطلوبہ سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس دوران اطلاع ملی ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے پورے مقبوضہ کشمیرمیں فوجیوں کو جگہ جگہ تعینات کیا ہے اور خوف و ہراس کا ایک ماحول پید کیا ہے۔ جبکہ سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ نے کہاہے کہ حریت چیئرمین کی صحت مستحکم ہے اور لوگ اس حوالے سے افواہوں پردھیان نہ دیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ نے سرینگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حریت چیئرمین کی صحت شدید سرد موسم، مسلسل گھر میں نظربند ی اورعلاج معالجے کی سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے خراب تھی۔ تاہم اب انکی صحت مستحکم اوروہ گھر پر ہی زیر علاج ہیں۔
سیدعلی گیلانی