امریکی انخلا کیلئے ووٹ نہ دینے والے ارکان نقصانات کے ذمہ دار خود ہونگے

امریکی انخلا کیلئے ووٹ نہ دینے والے ارکان نقصانات کے ذمہ دار خود ہونگے

  



بغداد(آئی این پی)عراقی حزب اللہ ملیشیا نے عراقی پارلیمنٹ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آپ کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں، عراق سے امریکی فورسز کے انخلا کے قانونی بل پر ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے نقصانات کے ذمہ دار خود ہوں گے، دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ کے رکن سرکوت شمس الدین نے عراقی حزب اللہ ملیشیا کی دھمکی پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی فریق پارلیمنٹ یا اس کے ارکان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، پارلیمنٹ عوام کی آواز ہے اور کسی کے پاس اسے سبوتاژ کرنے کا حق نہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق”ہم آپ کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں“یہ وہ الفاظ ہیں جن کے ذریعے عراقی حزب اللہ تنظیم نے ان ارکان پارلیمنٹ کو دھمکی دی ہے۔ حزب اللہ ملیشیا کا کہنا ہے کہ جو عراق سے امریکی فورسز کے انخلا کے قانونی بل پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے وہ نقصانات کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ ایک بیان میں ملیشیا نے بتایا کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والی پارلیمنٹ کی کارروائی کا بغور جائزہ لے رہی ہے جس میں عراق سے غیر ملکی افواج کے باہر نکالے جانے سے متعلق قانون پر رائے شماری ہو گی۔ادھر عراقی پارلیمنٹ کے رکن سرکوت شمس الدین نے عراقی حزب اللہ ملیشیا کی دھمکی پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی فریق پارلیمنٹ یا اس کے ارکان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز ہے اور کسی کے پاس اسے سبوتاژ کرنے کا حق نہیں۔یاد رہے کہ عراق کے سرکاری ٹی وی نے بدھ کی شب بتایا تھا کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے کے اطراف تمام مظاہرین کا انخلا مکمل ہو گیا ہے۔ مظاہرین گرین زون کے حساس ترین علاقے سے باہر چلے گئے۔ اس دوران ٹرکوں کے ذریعے ان خیموں اور دیگر سامان کو منتقل کر دیا گیا جو مذکورہ افراد کی جانب سے کھلے دھرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

مزید : علاقائی


loading...