مانگا منڈی: ڈاکو ؤں کا گروہ متحرک، نان سٹاپ لوٹ مار، عوام کا شدید احتجاج
مانگا منڈی (رپورٹ:ملک ممتاز حسین)مانگا منڈی میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں رکنے میں نہیں آ رہیں،اعلیٰ پولیس افسران کے دعوے صرف بیانات کی حد تک رہ گئے،مانگا منڈی تھانے میں پولیس کی کم نفری اور افسران کی نااہلی پر توجہ نہ دینے سے ڈاکوؤں اور چوروں نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے اور ہر روز شہری لاکھوں روپے اور قیمتی سازو سامان سے محروم ہو رہے ہیں،عوامی احتجاج کے باوجود پولیس افسران کوئی نوٹس نہیں لے رہے۔تفصیلات کے مطابق 12 افراد پر مشتمل ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے ایک ہی رات میں تقریباً18لاکھ روپے لوٹ لئے ہیں۔ڈاکوؤں کے اس گروہ نے گزشتہ 15 روز سے علاقے میں ہلچل مچا رکھی ہے۔ ایک ہفتہ میں ڈکیتی کی 10 وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس میں شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان لوٹاجا چکا ہے۔ڈاکوؤں کے اس گروہ سے علاقہ میں خوف ہراس پھیل چکا ہے۔شہری عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ دوسری جانب تھانہ مانگا منڈی کے ایس ایچ او اور اہلکاراس گروہ کو گرفتار کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔یہ گروہ مختلف گھر وں سے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر20لاکھ روپے لوٹ چکا ہے، پولیس نے تھانے کا ریکارڈ اچھا ثابت کرنے کے لئے ابتک کسی ایک ڈکیتی کا مقدمہ درج تک نہیں کیا۔ اعلیٰ افسروں کو امن و امان کی رپورٹ دی جا رہی ہیں۔مسلح 12 ڈاکوؤں نے الکرم سٹی سکیم میں پنجاب ڈولفن پولیس کے ملازم محمد علی کے گھر میں داخل ہوکر اس کی60سالہ والدہ کو یرغمال بنایا اور اس بزرگ شہری کے کانوں سے لاکھوں مالیت کی سونے کی بالیاں اتار کر، موبائل فون، ہزاروں روپے نقدی، 12بوربندوق چھین کر فرارہو گئے۔ بستی نہر والا پل پر پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر احمد علی کے گھر میں 10ڈاکو داخل ہوئے۔ اہل خانہ کو یرغمال بناکر 14تولے سونا، 60ہزار نقدی، 2عدد ایل سی ڈی اور ہزاروں مالیت کے قیمتی2 موبائل فون لوٹ کرفرار ہو گئے۔متاثرہ شخص کیمطابق تمام ڈاکوؤں نے ایک ہی رنگ کے لباس پہن رکھے تھے۔ محلہ رشید ٹاؤن میں گھروں کے دروازے نہ کھلنے پر ہوائی فائرنگ کی۔عوام نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 15پر کال چلنے پر ایس پی صدر ایس پی انوسٹی گیشن ڈی ایس پی سرکل رائیونڈ موقع پر پہنچ گئے،تاہم کچھ حاصل نہ ہوا۔ ایس ایچ او تھانہ مانگا منڈی مقصود احمد خان سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس گروہ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند وارداتیں ہوئی ہیں باقی سب فراڈ ہے، حقیت کچھ اورہے۔