گورنر سندھ سے عمران قریشی کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

گورنر سندھ سے عمران قریشی کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کراچی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی اور انہیں بجلی، گیس سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ عمران قریشی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں اور خاص طورپر صنعتی علاقوں میں منفی اثرات پڑرہے ہیں، گیس نہ ہونے کی وجہ سے حیدرآباد، کوٹری، نوری آباد سمیت دیگرشہروں میں چھوٹی بڑی صنعتیں متاثر ہورہی ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں میں کھانا پکانے کیلئے خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے حیدرآباد سمیت دیگرشہروں میں کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ شہری پہلے ہی معاشی پریشانی کا شکار ہیں اور بجلی و گیس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مزید مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ عمران قریشی نے بتایا کہ حیدرآباد کیلئے بھی حکومت فوری طورپر کوئی پیکیج دے تاکہ شہر کی حالت کو بہتر بنایا جاسکے، بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے 30لاکھ کا شہر حیدرآباد کچرا کنڈی بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو حیدرآباد سمیت سندھ کے لوگوں نے بھاری تعداد میں ووٹ دیئے ہیں اس لئے شہری یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہروں کی بہتری کیلئے اقدامات کرے کیونکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کے رہنما عمران قریشی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت عوام کا معیار زندگی او رملک کی تعمیروترقی کو بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے۔

ش

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر