پولیس اہلکار پر تشدد،چینی تاجر ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پولیس اہلکار پر تشدد،چینی تاجر ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

  


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے کے مقدمے میں گرفتار چینی تاجر کو مقامی عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ملزم کاروباری ویزے پر پاکستان آئے ہوئے چینی باشندے سونگ پوپینگ کو کورنگی انڈسٹریل ایریا انوسٹی گیشن پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔گذشتہ روز قیوم آباد فلائی اوور کے نیچے ایک شاپنگ مال کے باہر نو پارکنگ زون میں زبردستی پارکنگ کرنے کے دوران چینی باشندہ لاقانونیت پر اتر آیا تھا اور گاڑی پارک کرنے سے منع کرنے والے ٹریفک سیکشن زمان ٹاون پولیس کانسٹیبل محمد عامر کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہوگیا تھا۔کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ملزم سونگ پوپینگ کو گرفتار کرلیا تھا اور اس کے زیرِ استعال گاڑی قبضہ میں لے لی تھی۔ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 2020/6 زیردفعہ 353/186/337 اے ون درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ریلیز کی تھی۔ملزم کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا تاہم سرکاری وکیل نے پولیس کی پیروی کی اور ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی۔عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سونگ پوپینگ بزنس ویزے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔