سندھ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے روڈ چیکنگ مہم کی تاریخ میں توسیع کردی

سندھ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے روڈ چیکنگ مہم کی تاریخ میں توسیع کردی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے روڈ چیکنگ مہم کی تاریخ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ12 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس توسیع کا اطلاق صرف کراچی میں ہوگا جب کہ صوبے کے دیگر حصوں میں یہ روڈ چیکنگ مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کواپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں روڈ چیکنگ مہم کے لئے تفویض کردہ افسران کی تمام کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو پہنچنے کے لئے کراچی میں روڈ چیکنگ مہم کی تاریخ میں توسیع کی جائے کیونکہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور اتنے بڑے شہر میں مزید وقت کی ضرورت ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان سے کہا کہ وہ سڑکوں پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے فوری ٹیکسز جمع کروائیں۔ انہوں نے انہیں متنبہ کیا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیاں موقع پر ہی ضبط کی جاسکتی ہیں اور عائد ٹیکس اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی ایسی گاڑیاں واپس کی جائیں گی۔ انہوں نے روڈ چیکنگ مہم کے لئے مقرر کردہ ایکسائز عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں کے مالکان کے ساتھ شائستہ رہیں اور ٹریفک کی روانی کو متاثر نہ کریں۔ مکیش کمار چالہ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور ہر ایک کو اپنا ٹیکس ادا کرنا چاہئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر