مسائل حل کرنے سے ہی حکومت پر عوام کا اعتماد بڑھے گا، نجیب ہارون
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسسنگ وتعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون کی اپنے حلقے این اے 256کے مختلف یونین کونسلوں کے لوگوں سے ملاقاتیں، انور شاہ گوٹھ کے لوگوں کے مسائل سنے جبکہ یوسی 14 سمیت دیگر یونین کونسلوں کی عوام نے ملاقاتوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی میں شہر قائد کے مسائل زیر بحث رہے اور شہرقائد کی عوام کے مسائل سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کراچی کی عوام کو مایوسیوں کے دلدل سے نکال کر خوشحالی کی طرف لیکر جانے کا عزم رکھتی ہے جس کے لیئے ہم بہت جلد ترقیاتی منصوبوں کی طرف بڑھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ عوا م کے مسائل کو فوری حل کرنا آسان نہیں ہے ہر کام میں وقت لگتا ہے لیکن جہاں ممکن ہوتا ہے ان کاموں کو جلد ی مکمل کر نے کو بھرپور کوشش کرتے ہیں لیکن کچھ کام ایسے ہوتے ہیں کہ ان کے بگاڑ کودرست کرنے میں کافی وقت درکار ہوتا ہے، حکومت عوام کی بہتری اور ملکی ترقی کے لیئے کام کر رہی ہے