مہنگائی سے کم آمدن افراد کاگزارہ بھی مشکل ہوگیا، مفتی محمد نعیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہنگائی روکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے،کم آمدن افراد کاگزارہ بھی مشکل تر ہوتاجارہاہے تو دوسری جانب گیس کی بندش کی وجہ سے گھریلوں صارفین مشکلات سے دوچار ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے میں حکومت کا کوئی رول دیکھائی نہیں دے رہاہے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔ جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ موجودہ حکومت کو قوم نے بڑی توقعات کے ساتھ منتخب کیا تھا امید تھی2019ملک وقوم کیلئے تبدیلی کا سال ثابت ہوگا سال گزر گیا لیکن تبدیلی کے اثرات دور دور تک دیکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف عوام مہنگائی بیروزگاری سے پریشان حال ہیں تو دوسری جانب گھریلوں صارفین گیس کی بندش کی وجہ سے انتہائی مشکلات سے دو چار ہیں، اتنے سنگین حالات کے باوجود حکمراں معاشی ترقی کے دعوے کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی اور گراں فروشوں کے سامنے مکمل بے بس دیکھائی دے رہی ہے ایک طرف مارکیٹ میں گراں فروشوں سے سوال کرنے والا کوئی نظرنہیں آرہاہے تو دوسری طرف ہر دکاندار نے چیزوں کے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کردیئے ہیں جس سے عوام کو خوب لوٹا جارہاہے،امید ہے 2020کا سال ملک وملت کی ترقی کا سال ہوگا اور عوام کو اس ہوشربا مہنگائی سے نجات مل جائے گی۔