تمام سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں درخت لگائے جائیں، اکبر ایوب

  تمام سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں درخت لگائے جائیں، اکبر ایوب

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر میں بلیک ٹاپینگ کے ساتھ ہر سڑک کے دونوں کناروں پر کم از کم دو دو فیٹ کی پی سی سی سڑک ڈالنا ضروری ہے تاکہ پانی کابہاؤ ہوسکے اور سڑک کو نقصان سے بچایا جائے جبکہ عمارتوں کی تعمیر بہترین ڈیزائن کے ساتھ کی جائے اور آخری مرحلے میں خوب رنگ و روغن بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں آبادی اور بازار ہیں وہاں سڑکوں کے کنارے نالیاں اور بس سٹاپ ضرور بنائے جائیں تاکہ عوام دھوپ اور بارش میں ان سے مستفید ہو ں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مانسہرہ میں ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمدشہاب خٹک، ایگزیکٹیو انجینئر مانسہرہ فواد عباسی اور دیگر ہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے اور ریلیز شدہ فنڈز میں ایک روپیہ بھی سلینڈر نہیں ہونا چاہیے تاکہ تمام سکولوں،کالجوں،سڑکوں،ہسپتالوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ اکبر ایوب خان نے ہدایت جاری کی کہ تمام سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں درخت بھی لگائے جائیں تاکہ شجرکاری مہم کو بھی ذمہ داری سے فروغ مل سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام سڑکوں پر کے ایم سٹون (کلومیٹر پتھر) لگایا جائے اور ہرسکیم کو سیاسی مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام کو صحیح معنوں میں ترقیاتی کاموں کے فوائد مل سکیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر