صحافی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

صحافی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

  



 ُپشاور (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور پریس کلب کی شاندار روایت ہے کہ ہر سال ایک مقررہ وقت پر جمہوری انداز میں الیکشن کے زریعے نئی قیادت کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے، اور الیکشن کے بعد پھر سے تما م صحافی اکھٹے ہوکر کام کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات خیبر پختونخوا  سید امتیاز حسین شاہ  اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات امداد اللہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافی عوام  اور حکومت کے درمیاں پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور صحافی معاشرے کے بنیادی ستون ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا پشاورپریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے گرانٹ کے چیکس بن چکے ہیں، جو جلد ہی دیئے جائیں گے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صحافیوں کے لئے صحت انصاف کارڈز  سمیت دیگر مراعات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔ملکی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کو مصنوعی بنیادوں پر چلانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ملک معاشی طور پر غیر مستحکم ہوچکا تھا، ڈالر  کے ریٹ کو سٹیٹ بنک سے قرض لیکر دبایا گیا، موجودہ حکومت نے حقیقی انداز میں ملکی مسائل کو سمجھ کر مستقل بنیادوں پر مسائل کے حل کے لئے کاوشیں  شروع کی ہیں۔مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، لیکن حکومت کے موثر اقدامات کے بہتر نتائج جلد سامنے آئیں گئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صوبائی کابینہ میں تبدیلی وزیر اعلی کا اختیار ہے، صوبائی وزیر نے پشاور شہر میں قدرتی گیس کے کم پریشر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ شہر میں گیس پریشر میں کمی پریشان کن ہے اور  انہوں نے متعلقہ حکام سے اس متعلق بات کی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات  نے پشاور پریس کلب کے نومنتخب صدر سید بخار شاہ  اور دیگر  منتخب عہدیداروں کو مبارکباد  دی اور انہیں اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : صفحہ اول