جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر پاکستان کا دبنگ موقف آگیا

جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر پاکستان کا دبنگ موقف آگیا
جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر پاکستان کا دبنگ موقف آگیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی جانب سے قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر گہری تشویش ہے، اس کے باعث خطے میں امن اور استحکام کو خطرات لا حق ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق خود مختاری اور علاقائی سالمیت بنیادی اصول ہے اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ یکطرفہ کارروائیوں اور طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ فریقین کو چاہیے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں ، کشیدگی کو کم کرنے کیلئے روابط بہتر بنائیں اور معاملات کو سفارتی ذرائع سے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی روشنی میں حل کریں۔

خیال رہے کہ امریکہ نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عراق کے دارالحکومت بغدار پر ڈرون حملہ کیا تھا جس میں ایران کی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی بھی مارے گئے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی