پی سی بی نے بنگلہ دیش کے ’نخرے‘ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، کیا پیشکش کر دی؟ جان کر آپ بھی حیران پریشان رہ جائیں

پی سی بی نے بنگلہ دیش کے ’نخرے‘ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، کیا پیشکش کر دی؟ جان ...
پی سی بی نے بنگلہ دیش کے ’نخرے‘ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، کیا پیشکش کر دی؟ جان کر آپ بھی حیران پریشان رہ جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ناز نخرے اٹھانے لگا ہے جس نے پاکستان میں دو کی بجائے ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو تین ٹی 20 اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے 2ٹیسٹ کھیلنے کیلئے رواں ماہ پاکستان آنا ہے جبکہ ان مقابلوں کو 20 فروری کو پی ایس ایل کے آغاز سے قبل مکمل کرنے کیلئے مجوزہ شیڈول بھی بی سی بی کو بھجوایا گیا تھا جس کے جواب میں بورڈ عہدیداروں کے مختلف بیانات ٹور کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کرتے رہے، اس دوران کوچز کے رضا مند نہ ہونے تو کبھی کرکٹرز کے تحفظات کی بات ہوتی رہی اور ایک عہدیدار آس دلاتا تو دوسرا توڑ تا رہا۔

گزشتہ دنوں بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا تھاکہ غیر ملکی کوچنگ سٹاف اور بیشتر کرکٹرز پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کو تیار نہیں، اگر ٹور پر رضامندی ظاہر کرنے والے کرکٹرز کو شامل کرکے مضبوط سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوگئے تو ٹی 20 میچز کھیلنے جائیں گے، پی سی بی نے فیصلے کی وجوہات جاننے کیلئے ای میل ارسال کردی تھی۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے بی سی بی کے منفی پروپیگنڈا کی نفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان میں سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا تو مجھے جانے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی بورڈ اب بھی اپنے موقف پر برقرار ہے اور ایک عرصے بعد ہونے والے دورہ پاکستان میں اپنی ٹیم کا قیام مختصر رکھتے ہوئے صرف ٹی 20 میچز کھیلنا چاہتا ہے لیکن پی سی بی ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دیتے ہوئے کم ازکم ایک میچ ہوم گراﺅنڈ پر کھیلنے کا خواہاں ہے، اس صورت میں مہمان ٹیم تین ٹی 20اور ایک طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کیلئے آئے گی جبکہ دوسرے ٹیسٹ کو بنگلہ دیش میں ہونے والی آئندہ باہمی سیریز میں شیڈول کیا جاسکتا ہے۔

مزید : کھیل