یوروکپ میں اسپین کی کامیابی پرمیڈرڈ ودیگرشہروں میں جشن

یوروکپ میں اسپین کی کامیابی پرمیڈرڈ ودیگرشہروں میں جشن

میڈرڈ( نیٹ نیوز) یوروکپ میں اسپین کی کامیابی پرمیڈرڈ اوردیگرشہروں میں جشن کا سماں ہے۔ اٹلی کے شہر روم، میلان اورٹیورن میں خاموشی چھا گئی۔ یوروکپ کے فائنل میں اسپین کی اٹلی کے خلاف چار صفر سے کامیابی کے بعد اسپینش شائقین نے میڈرڈ کے سیبیلیس اسکوائرپرپوری رات جشن منایا۔ اسپینش ٹیم کا ڈریس پہنے ہاتھوں میں جھنڈے اٹھانے لاکھوں شائقین نے ٹیم کی کامیابی پرخوب ہلہ گلہ کیا۔ جشن منانے والوں میں کئی غیرملکی شائقین بھی شامل تھے۔ کئی منچلے نوجوانوں نے آتش بازی کرکے اپنی خوشی کا اظہارکیا۔ ادھرکیوو میں فائنل کے بعد اسپینش ٹیم جب اپنے ہوٹل پہنچی تو سینکڑوں سپورٹرز نے ان کا شانداراستقبال کیا۔ شائقین نے تالیاں بجاکرکھلاڑیوں کوداد دی۔ روم کے سینٹرل سرکس میکسی مس پرہزاروں شائقین بڑی اسکرین پرفائنل دیکھنے کیلئے جمع تھے لیکن اسپین نے چار گول کر کے ان کے جیت کے خواب کوچکناچورکردیا۔ اٹالین شائقین اپنی ٹیم کی شکست کے بعد آنکھوں میں آنسولئے گھروں کولوٹ گئے۔ کئی شائقین کا کہنا تھا کہ اٹالین ٹیم فائنل میں اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی