تیل سستا ہوگیا کرائے کم نہ ہوئے شہری ٹرانسپورٹر ز کے رحم وکرم پر انتظامیہ لمبی تان کر سوگئی

تیل سستا ہوگیا کرائے کم نہ ہوئے شہری ٹرانسپورٹر ز کے رحم وکرم پر انتظامیہ ...

لاہور(رپورٹ اسد اقبال + عبدالمتین) وفاق کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ دوبار کمی کے اعلان اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے باوجود ٹرانسپورٹرز مافیا نے کرایوں میں کمی نہیں کی ہے، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی وزیر اعلیٰ پنجاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کر سکی، افسران کی عدم دلچسپی کے باعث لاہور میں لوکل گاڑیوں کا فقدان جس کے پیش نظر شہریوں کو سفری سہولیات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبار کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز اپنی ضد پر قائم کرایوں میں کمی نہیںکر پائے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے مہنگائی کے اس دور میں مجبور عوام کو ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے کرایوں میں کمی نہ کرنے پر روزمرہ سفر کرنے والے شہریوں میں تشویش و غم و غصہ کی لہر دوڑ چکی ہے، لاہور کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کے لئے 300کے قریب گاڑیاں مختلف روٹس پر رواں دواں ہیں جبکہ ضرورت کے مطابق 3ہزار سے زائد بڑی بسیں درکار ہیں۔ ٹرانسپورٹ کا فقدان کے باعث شہری ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ بس سٹاپوں پر گاڑی کے انتظار میں رہتے ہیں مختلف بس سٹاپوں پر شہریوں، فیصل شاہد، محمد اشفاق، محمد رفیق، عبدالحق، حافظ عبدالکریم، جواد، ممتاز، خالدہ، نورین، نازیہ اور لائبہ نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹراسنپورٹ مالکا نے کرایوں میں کمی نہیں کی ہے جو محکمہ ٹرانسپورٹ کے لئے لمحہ فکریہ ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوتے ہی ٹرانسپورٹرز ڈنکے کی چوٹ پر کرایوں میں از خود اضافہ کر دیتے ہیں حکومت پنجاب کے بلند و بالا دعوے بھی عوام کو آسان سفری سہولیات کی فراہمی میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز مافیا کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کرایوں میں کمی کے نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد ....فی الفور کروائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1