تیل کی عدم دستیابی ، پاور پلانٹس نے 562 میگاواٹ بجلی کی پیداوار روک دی
لاہور(کامرس رپورٹر) تیل کی عدم دستیابی کے باعث پاور پلانٹس نے 562 میگاواٹ بجلی کی پیداوار روک دی، بجلی کا خسارہ ایک مرتبہ پھر 7 ہزار میگاواٹ پر پہنچ گیا۔حکومتی دعوﺅں کے باوجود ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم نہ ہو سکی، ہر گھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ کی لوڈ شیڈنگ کے باعث احتجاجی مظاہرے ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئے ہیں۔ لیسکو ذرائع کے مطابق شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کے باعث لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں کی جارہی ۔ لیسکو کے مطابق حکومت نے فرنس آئل کمپنیوں کو ادائیگیاں نہیں کی جس کی وجہ سے شارٹ فال میں اضافہ ہو رہا ہے،وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق کیپکو 140 میگاواٹ، اورینٹ 213 میگاواٹ، اور209 میگاواٹ کا سیفائرپاور نے ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث پیداوار بند کر دی ہے ۔ اگر صورتحال کنٹرول نہ کی تو لوڈ شیڈنگ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔