دانش سکول قائم کر کے خاک آلو د گلیوں کے بچون کو معیاری تعلیم کا موقع فراہم کیا شہباز شریف

دانش سکول قائم کر کے خاک آلو د گلیوں کے بچون کو معیاری تعلیم کا موقع فراہم کیا ...

لاہور (ثناءنےوز) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ 64 سالوں میں امراءکے بچوںکے لئے اربوں روپے کی لاگت سے گرامر، ایچی سن اور کیڈٹ کالجوں جیسے تعلیمی ادارے بنتے رہے لیکن غریب کے بچوں پرمعیاری تعلیم کے دروازے بند رہے ہیں- ملک کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پسماندہ علاقوں میں دانش سکول قائم کرکے خاک آلود گلیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کئے ہیں- انہوںنے کہا کہ دانش سکول سسٹم سے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں لڑکوں اور لڑکیوں کے 6 دانش سکول تعلیمی سہولیات فراہم کر رہے ہیں- میانوالی کا دانش سکول مکمل ہوچکا ہے جبکہ پسماندہ علاقوں میں 6 دانش سکولوںپر تیزی سے کام جاری ہے اور امسال میلسی، بھکر، لودھراں اور لیہ کے اضلاع میں دانش سکولوں کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا جائے گا-وہ گذشتہ روز یہاں مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں دانش سکول اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کا شکار ہونہار طلباءو طالبات کی تعلیمی پیاس بجھانے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے تحت 35 ہزار طلباءو طالبات کو حصول تعلیم کے لئے وظائف دیئے جا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ غریب ترین خاندانوں کے بچوں کوعلم کی دولت سے مالا مال کرنے کے لئے دانش سکول سسٹم حکومت کا ایک انقلابی منصوبہ ہے- میانوالی کے دانش سکول میں کلاسیں شروع ہوچکی ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور اٹک کے دانش سکولوں پر تیزی سے کام جاری ہے- انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں میں خوبصورت پودے لگا کر سرسبز ماحول پیدا کیا گیا ہے اور قوم کے نونہالوں کو فطرت سے ہم آہنگ ماحول میں حصول تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ دانش سکولوں کے لئے باصلاحیت اور بہترین اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ وہ بہتر طریقے سے قوم کے مستقبل کو تعلیم دے سکیں- انہوں نے کہا کہ دانش سکولوںاور دیگر تعلیمی اداروں کے بچوں کے مابین تقریری، تحریری اور مباحثوں کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے- انہوں نے دانش سکولوںکے انڈومنٹ فنڈ کے لئے ایک ارب روپے فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈومنٹ فنڈ بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں- انہوں نے کہا کہ سکولوں کے لئے ایسی جگہوں کا انتخاب کیا جائے جہاں آسانی سے پانی دستیاب ہو- انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیمی سہولتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف اضلاع میں سینٹر آف ایکسی لینس بنائے جا رہے ہیں جس سے تعلیمی شعبے کا میعار بلند کرنے میں مدد ملے گی-اس موقع پر اجلاس کے شرکاءنے دانش سکول سسٹم کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراءدیں-علاوہ ازیں مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں ”کل کے قائد“ طلبا و طالبات کے ایک وفد نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان بجاطور پر کل کے قائد ہیں۔ انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بہترین یوتھ پالیسی دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے طلبا وطالبات کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے کرپٹ حکمرانوں نے اپنے لالچ کے لئے قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی پوری گنجائش موجود ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور جیبیں بھرنے کی سوچ نے ملک کوتوانائی کے شدید کے بحران سے دوچار کررکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے غیر منصفانہ سلوک کیاجارہاہے۔ پنجاب کی صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گردشی قرضہ 400ارب روپے ہے۔ اگر یہ ادا کردیاجائے تو راتوں رات بجلی کا بحران ختم ہوسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر قوم نے آئندہ خدمت کا موقع دیا تو میاں محمدنواز شریف کی قیادت میں صرف 6ماہ میں ملک سے توانائی کا بحران ختم کردیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کے ذمے ساڑھے چار ارب روپے کے واجبات میں سے ساڑھے تین ارب روپے ادا کردیئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت قومی خزانہ میں جمع کروادی جائے تو پنجاب حکومت گردشی قرضہ کے خاتمے کے لئے سب سے پہلے پانچ ارب روپے دے گی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ”کل کے قائد“ کو این جی او بنایاجائے گا جس کی پنجاب حکومت مکمل سرپرستی کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ ”کل کے قائد“ کو این جی او بنانے کے لئے پلان مرتب کیاجائے۔

مزید : صفحہ اول