پولیو ویکسین کیلئے استعمال ہونیوالا کول بکس اور وائل عدالت میں پیش کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطاءبندیال نے پولیو ویکسین کے لیے استعمال ہونے والا کول بکس اور وائل عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے عدالت اس معاملے کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔فاضل جج نے مزید سماعت 19جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ای ڈی او لاہور کو کول بکس عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔گزشتہ روز عدالت کے روبرو درخواست گزار نے بتایا کہ ناقص پولیو ویکسئین کی بناءپر ابھی تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں بنایا جا سکا۔جبکہ ٹرانسپورٹیشن کے ناقص انتظامات کی وجہ سے بھی دور دراز علاقوں میں بھجوائی جانے والی پولیو ویکسین اپنااثرکھو دیتی ہے۔بلکہ مزید نقصان کا سبب بنتی ہے۔لہٰذا عدالت اس کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کرے اور ناقص ویکسیئن کی سپلائی کو روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے پاس اپنے دلائل کو ثابت کرنے کے لئے کوئی ثبوت موجود نہیں اور صرف الزامات ہی عائد کئے جا رہے ہیں۔