چیئرمین نیب ارسلان افتخار کے خط کی بات کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، سردار اسحاق

چیئرمین نیب ارسلان افتخار کے خط کی بات کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، سردار ...

اسلام آباد (خبرنگار)چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کے صاحبزادے ڈاکٹرارسلان افتخار کے وکیل سردار اسحاق نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب پریس کانفرنس میں ارسلان افتخارکے خط کی بات کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ، دنیا جانتی ہے کہ نیب اور بحریہ ٹاﺅن کے لوگوں کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ چیئرمین نیب ”الفائدہ“ سے مشورہ لینا چھوڑ دیں ۔پیر کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے موکل ارسلان افتخار نے چیئرمین نیب کو خط اس لئے لکھا تھا کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں صحیح کام نہیں کر رہے ‘ان کے موکل کو کارروائی کے بارے میں کچھ بھی بتایا نہیں جارہا ارسلان افتخار نے خط میں کوئی دھمکی آمیز بات نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ ارسلان افتخار کی جانب سے خط میں سچ لکھا گیا ہے یہ الگ بات ہے کہ سچ کڑوا ہوتا ہے ۔سردار اسحاق نے کہا کہ چیئرمین نیب اپنی پریس کانفرنس کے دوران ان کے موکل کے خط کی جو بات کی ہے وہ توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے اور توہین عدالت کو مجھ سے زیادہ کوئی نہیں سمجھتا ۔انہوں نے برسراقتدار طبقے کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ چیئرمین نیب ”الفائدہ“ سے مشورہ لینا چھوڑ دیں نیب جو کچھ کر رہا ہے اس کا طریقہ درست نہیں ہے ۔

مزید : صفحہ آخر