صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے تحفظات دور کریں امریکی وزیر خارجہ کا افغان صدر کو فون
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے افغان صدر حامد کرزئی سے کہا ہے کہ وہ حالیہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے تحفظات دور کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افغان صدر سے فون پر گفتگو میں جان کیری نے قومی اتحاد اور پرامن سیاسی عمل کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ جان کیری نے افغان انتخابی عمل کے لئے امریکی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ صدارتی امیدواروں کے تحفظات پر توجہ دی جائے جان کیری نے افغانستان کے خود مختار الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹوں کی جانچ پڑتال کے عمل کا خیر مقدم کیا -
اور ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جس سے الیکشن کمیشن پر افغان عوام کا اعتماد قائم ہو سکے۔ جان کیری نے کہا کہ امریکا کسی ایک امیدوار کی حمایت نہیں کرتا وہ شفاف اور قابل اعتماد انتخابی عمل کی حمایت کرتا ہے جو افغانستان کو ایک ایسا صدر دے سکے جو ملک پر حکومت کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام افغان فریقوں سے کہتے ہیں کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لئے ملکر کام کریں اور کسی ایسے اقدام سے گریز کریں جو قومی اتحاد کو خطرے سے دوچار کرنے والا ہو۔