تنویرفاطمہ ،فضل حق قریشی کا سیدصلاح الدین سے اظہار

تنویرفاطمہ ،فضل حق قریشی کا سیدصلاح الدین سے اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر،مظفرآباد ( آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر ویمنزڈیموکریٹک فورم کی چےئرپرسن تنویر فاطمہ نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کی اہلیہ کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیااور مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں تنویر فاطمہ نے کہا کہ اس خاتون نے تحریک آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روان تحریک آزادی میں کشمیری خواتین نے بھارتی ظلم وجبر کا سامنا کرکے ایک اہم رول ادا کیا ہے۔
جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔۔پیپلز پولٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی نے بھی جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کی اہلیہ کی وفات پر ان سے اور دوسرے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ دریں اثناء امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے اہلیہ کی وفات پر ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے آر پار ان سے اور ان کے گھر والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ،مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں اوران کے جنازے میں شرکت کی۔مظفر آباد سے جاری ایک بیان کے مطابق سیدصلاح الدین نے کہا کہ موصوفہ کی زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح تھی اور موصوفہ نے سخت ترین حالات میں بھی امید کا دامن نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وفا شعار خاتون صبر کا ایک پیکر تھی اور زندگی کے آخری لمحے تک اس نے ہر تکلیف و مصیبت کابہادری سے مقابلہ کیااور کامیاب ہوئیں۔سید صلاح الدین نے ریاستی انتظامیہ کے رویہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض کشمیری رہنما ان کی اہلیہ کے جنازے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن نظربندی کی وجہ سے وہ شریک نہ ہوسکے۔ سید صلاح الدین نے کشمیری حریت پسند سیاسی وعسکری قیادت ،مہاجرین کشمیر،پاکستانی و آزاد کشمیر کی سرکردہ شخصیات جنہوں نے ان سے تعزیت کی اور ہمددی کا اظہار کیا ،کادل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

مزید :

عالمی منظر -