سانحہ ماڈل ٹاﺅن :عوامی تحریک کا پنجاب حکومت کے خلاف عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی ایف آئی آر درج نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے پنجاب حکومت کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے اور ماڈل ٹاﺅن واقعے کی ایف آئی آر درج نہ ہونے کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔عدالتی جنگ کے لئے وکلاءکی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اورعوامی تحریک کے وکلاءجمعے کو عدالت جائیں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوامی تحریک نے سانحے کے متعلق شواہد اور ثبوت بھی اکٹھے کر لئے ہیں جنہیں مرحلہ وار عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر ق لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جو مطالبات پیش کئے تھے ان میں بھی یہ مطالبہ شامل تھا کہ پنجاب حکومت کی درج کی گئی ایف آئی آر خارج کی جائے اور واقعے کی ایف آئی آر منہاج القرآن کی جانب سے درج کی جائے ۔ مقدمے کے اندراج کے لئے منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے متعلقہ تھانے میں درخواست بھی جمع کرا ئی گئی تھی جس میں وزیر اعظم نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت21افرادکوسانحہ ماڈل ٹاﺅن کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔