پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس لگانا غریبوں کے ساتھ زیادتی ہے،میاں مقصود
لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس لگانا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ کھلی ناانصافی اور زیادتی ہے انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماراپورا معاشی نظام سرمایہ دارنہ سسٹم کے گرد گھومتا ہے یہ نظام امیر کو امیر تر جبکہ غریب کو غریب تر بناتا ہے اس سے استحصالی نظام کو تقویت ملتی ہے معاشرے کے اندر معاشی ناہمواری جنم لیتی ہے لوگوں کے اندر محنت ولگن کا فقدان مایوسی کی کیفیت پیدا ہوتی ہے انھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف یہ کہنا کہ پوش علاقوں میں 5مرلہ مکانات کی ویلیوزیادہ ہونے کی بنا پرہم نے ٹیکس کا نفاذ کیا ہے یہ ایک بھونڈابیان وپست سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے موقع پر حکومت نے کئی بار اعلانات کیے کہ پانچ مرلہ کے گھروں پر ہرگز ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوگا دعو یٰ کےبرعکس وعدہ خلافی کرتے ہوئے پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس لگا دیا گیاانھوں نے کہاامراءاور سرمایہ دار مختلف حیلے بہانوں سے ٹیکس ادا نہیں کرتے جبکہ 5مرلہ کے گھروں میں رہنے والے اکثر غریب اور متوسط لوگ ہیںان پر ٹیکس کا نفاذ ایک جمہوری حکومت کو زیب نہیں دیتالہذا انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 5مرلہ کے گھروں پر لگائے گئے ٹیکس کو فوری طور پر واپس لیا جائے اگر اس پر عمل در آمد کو نہ روکاگیا تو جماعت اسلامی لاہور متاثرین کے ساتھ مل کر احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔