چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات
لاہور( سپورٹس رپورٹر)وزیراعظم نوازشریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ملاقات کی جس میں کرکٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران نجم سیٹھی نے وزیراعظم کوآئی سی سی کے اجلاس پر بریفنگ دی۔نجم سیٹھی نے پاک بھارت کرکٹ سیریز اور پی سی بی کے مالی امور کے بارے میں بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو بتایا کہ بگ تھری کی حمایت سے پاکستان کو بگ فور کا درجہ حاصل ہواہے ،اس سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا جبکہ بھارت کیخلاف 6سیریز ملنے سے پی سی بی کو اربوں روپے کی آمدنی حاصل ہوگی ۔نجم سیٹھی نے وزیراعظم سے پی سی بی کے نئے آئین کی جلد ازجلد منظوری کی درخواست کی تاکہ بورڈ کے نئے انتخابات کرواکر منتخب چیئر مین کو تمام امور تفویض کئے جاسکیں ۔چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے اپنا کردار اداکرنے کی بھی درخواست کی کہ حکومت اس معاملے میں پی سی بی کی سرپرستی کرے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے پی سی بی کے معاملات بہتر انداز میں چلانے پر نجم سیٹھی کے کردارکی تعریف کی اور کہا کہ نجم سیٹھی کے اقدامات سے پی سی نی کے امور بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملی ہے ۔ وزیراعظم نے آئی سی سی میں پاکستان کی موثر نمائندگی کرنے پر نجم سیٹھی کو مبارکباد دی ۔نوازشریف نے نجم سیٹھی کو یقین دلایا کہ حکومت ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں پی سی بی کی مکمل سرپرستی کرے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔