جنوبی افریقہ دورہ سری لنکا کا آغاز آج ٹور میچ سے کریگی
کولمبو ( نیٹ نیوز) جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنے دورہ سری لنکا کا آغاز آج ٹی بی سی کے خلاف ٹور میچ سے کریگی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم آٹھ برس بعد سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2006ء میں کھیلی گئی تھی۔ جنوبی افریقن ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پروٹیز ٹیم 30 جون کو سری لنکا پہنچ چکی ہے اور اب 3 جولائی کو ون ڈے ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز کولمبو، پالے کیلی اور ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے، دونوں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 6 جولائی کو کولمبو، دوسرا میچ 9 جولائی کو پالے کیلی جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 12 جولائی کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ برس کھیلی گئی ون ڈے سیریز 4-1 سے سری لنکا کے نام رہی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔