جبری مشقت کے خاتمے ،تعلیم و روزگار کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی،ڈاکٹر پرویز

جبری مشقت کے خاتمے ،تعلیم و روزگار کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی،ڈاکٹر پرویز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومتِ پنجاب کے محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور لیبر ڈیپارٹمنٹ نے بھٹوں اور دیگر مقامات پر بچوں اور بالغوں سے لی جانے والی جبری مشقت کے خاتمے اور انتہائی مشکل حالات میں کام کرنے والے ورکرز بچوں اور بڑوں کوتعلیم و روزگار کے باعزت مواقع کی فراہمی کیلئے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی کی ہے۔اس ضمن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں تقریباًپانچ ارب روپے کے منصوبے کے پہلے فیز کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر پرویز احمد خان ، سیکرٹری لیبر فرحان عزیز خواجہ اور دونوں محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری لٹریسی نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبہ کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب کے دس اضلاع میں بھٹہ مزدوروں اور مختلف جگہوں پر کام کرنے والے بچوں اور بڑوں کے جامع سروے کے بعد بچوں سے مشقت اور جبری مشقت کو ختم کرنے اورمزدور بچوں کیلئے تعلیمی فنی تربیت کے اداروں و خواندگی سکولوں کے قیام کو ممکن بنایا جائے گا۔اُنہوں نے بتایا کہ اس طویل المیعاد منصوبے کے تحت 2021ء تک چار لاکھ سے زائد بچوں اور بڑوں کو جبری مشقت سے چھٹکارا دلا کر اُن کیلئے باعزت روزگار اور معاشی و سماجی حوالے سے بہترین حالات کارفراہم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں موجودہ مالی سال کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پنجاب کے جن اضلاع کو شامل کیا گیا ہے ان میں بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، شیخوپورہ اور سیالکوٹ شامل ہیں۔
سیکرٹری لیبر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ خواندگی اور محکمہ محنت مربوط کوششوں کے ذریعے معاشرے کے انتہائی بُرے حالات میں محنت مزدوری کرنے والے بچوں اور بالغوں کو جبری مشقت کی اذیت سے نجات دلائیں گے۔اُنہوں نے اجلاس میں موجود اپنے محکمے کے اعلیٰ افسروں کو محکمہ خواندگی کے متعلقہ افسران کے ساتھ فوری طور پر میٹنگز، بریفنگ سیشنزاور فیلڈ وزٹس کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ندیم عالم بٹ ، ڈپٹی سیکرٹری (پلاننگ) کریم بخش، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد عثمان، منیراحمد شاد، ڈائریکٹر (فنانس اینڈایڈمن )پنجاب لٹریسی موومنٹ پراجیکٹ، ڈائریکٹرمحمد اکرم جان ڈائریکٹر (ایڈمن اینڈ فنانس) جبکہ محکمہ محنت کے ڈائریکٹر بھٹہ جات ملک نذیراحمد ، ڈاکٹر جاوید اقبال گل، پراجیکٹ ڈائریکٹر سید حسنات جاوید، ڈائریکٹر ہیڈ کواٹرز اور دیگر افسران موجود تھے۔