راضی نامہ پر بچوں کی حوالگی کی درخواست نمٹا دی گئی
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج نے میاں بیوی کے مابین راضی نامے کی بناپر ماں کی جانب سے بچوں کی بازیابی کے لئے دائر درخواست نمٹادی ۔فاضل عدالت میں ستو کتلہ کی رہائشی درخواست گزار فرزانہ نے دائر درخواست میں موقف اختیار کررکھا تھا کہ سائلہ کی شادی نوید سے ہوئی جس میں سے اس کے دوکمسن بچے وحید اورمنیب پیدا ہوئے تاہم چند روز قبل اس کے شوہر نے اسے گھریلو ناچاقی پردھکے مارکرگھر سے نکال دیا اوربچوں کو زبردستی اپنے پاس محبوس کررکھا ہے لہذاعدالت سے استدعا ہے کہ بچوں کو بازیاب کروا نے کا حکم دیا جائے ۔فاضل جج نے گزشتہ روز فریقین کو عدالت طلب کر رکھا تھا تاہم دوران سماعت فرزانہ نے موقف اختیار کیا کہ اس کا اپنے شوہر سے راضی نامہ ہو گیا ہے لہذا وہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتی ہے جس پرعدالت نے حبس بے جاکی دائردرخواست نمٹا دی ۔