باراتیوں کے ساتھ مل کر دولہے نے چور پکڑ لیا
شکاگو (نیوز ڈیسک) امریکہ میں ایک فوجی دلہا اپنی شادی کی تقریب میں دلہن اور تقریباً 200 مہمانوں کو چھوڑ کر ایک چور کو پکڑنے کے پیچھے دوڑ پڑا اور چور کو پکڑنے کے بعد ہی دوبارہ تقریب میں لوٹا ریاست کنساس سے تعلق رکھنے والا جیرڈلائٹل اپنی دلہن سٹیفنی کے ساتھ تقریب میں شریک تھا کہ اچانک اس کی ماں نے چیخ و پکار شروع کردی کہ ایک چور شادی کے تحائف لے اڑا ہے۔ بس یہ سننا تھا کہ دلہا سب کو حیران و پریشان چھوڑ کر چور پکڑنے کیلئے باہر کی طرف بھاگ گیا۔ باہر نکلتے ہی اس نے ایک شخص کو تحائف کے ساتھ فرار ہوتے دیکھ لیا۔ دلہا چور کو للکارتا ہوا اس کے پیچھے بھاگنے لگا۔ اسی دوران اس کا بھائی اور باپ بھی اس کے پیچھے نکل کھڑے ہوئے۔ خوش قسمتی سے پولیس علاقے میں ایک حادثے کی تحقیقات کررہی تھی۔ دولہے کی بھاگ دوڑ سے متوجہ ہوکر وہ بھی چور کے پیچھے ہولئے اور کچھ ہی دیر میں اسے قابو کرلیا۔ چور کو پولیس کے حوالے کرنے اور اپنی شادی کے تحائف واپس حاصل کرنے کے بعد دولہا جب تقریب میں لوٹا تو سب نے تالیاں بجا کر اس کا استقبال کیا اور خاص طور پر دلہن اس کی بہادری سے بہت متاثر نظر آئی۔