آئی ایس آئی ایس نے عوام پر فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے پر پابندی لگا دی لیکن خود۔۔۔
دمشق (نیوزڈیسک) شام کی خبر رساں ویب سائٹ تحریر سریا نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں خلافت کا اعلان کرنے والے شدت پسند گروپ الدولتہ الاسلامی فی العراق والشام (داعش) نے شامی عوام کے فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے پر پابندی لگادی ہے تاہم داعش کے جنگجوﺅں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ رپورٹر ابو ابراہیم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ داعش نے رقہ شہر میں عوامی مقامات اور کیفے سنٹرز پر چھاپے مار کر فٹ بال ورلڈ کپ دکھانے کے لئے استعمال ہونے والی ٹی وی اور دیگر سامان کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ تحریر سریا کا کہنا ہے کہ جنگجوﺅں نے رقہ شہر کا نظام اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور سکولوں، بازاروں اور جیلوں وغیرہ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ رپورٹر ابو ابراہیم کے مطابق داعش کے تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے جنگجو سب سے زیادہ شدت پسند اور خطرناک ہیں جبکہ سعودی اور مصری قدرے نرم مزاج ہیں۔