افغانستان کے عسکری و انٹیلی جنس حکام پر مشتمل وفدآج پاکستان آئے گا

افغانستان کے عسکری و انٹیلی جنس حکام پر مشتمل وفدآج پاکستان آئے گا

  

اسلام آباد(اے این این ) افغانستان کے عسکری و انٹیلی جنس حکام پر مشتمل وفد(آج )جمعرات کوپاکستان پہنچے گا۔ پاکستانی عسکری حکام سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پیشہ وارانہ امور پر بات چیت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان حکام سے ملا فضل اللہ کی حوالگی اور افغان علاقوں کنڑ، نورستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان کی محفوظ پناہ گاہوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب سے مسلسل الزام تراشیوں پر پاکستان اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا، پاکستان پر افغانستان کے علاقوں میں راکٹ حملوں کا الزام قطعی بے بنیاد ہے، اکیس اور پچیس مئی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگردوں نے ہماری سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تو جوابی کارروائی کی گئی۔ افغان وفد سے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کی بہتری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے بھی بات ہو گی۔ ذرائع کے مطابق افغان وفد سے ملاقات میں شمالی وزیرستان سے افغانستان جانیوالے آئی ڈی پیز کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔ افغان حکام سے مطالبہ کیا جائیگا کہ آئی ڈی پیز کی آڑ میں افغانستان فرار ہونے والے دہشتگردوں پر نظر رکھی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -