لاہور ائیر پورٹ کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے مجاہد سکواڈ کا دستہ تعینات کر دیا گیا

لاہور ائیر پورٹ کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے مجاہد سکواڈ کا دستہ تعینات ...

  

لاہور(کر ائم سیل)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ذوالفقار حمید کی ہدایت پر ایس پی مجاہد عبدالرحیم شیرازی نے لاہوراےئرپورٹ کی سیکیورٹی کو مزید بہتر کر نے کے لئے مجاہد سکواڈ کے 72 اہلکارو ں پر مشتمل ایک دستہ تعینات کیا ہے جو لاہور اےئرپورٹ کے فنل ایریا کی سیکیورٹی پر مامور ہوگا ،مجاہد سکواڈ کا یہ اسپیشل اہلکاروں کا دستہ 18 موٹرسائیکلوں ، 4 گاڑیوں پر مشتمل ہے جو کہ 24 گھنٹے اےئر پورٹ فنل ایریا کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ ایس پی مجاہد سید عبدالرحیم شیرازی نے اس خصوصی ڈیوٹی پر روانہ ہونے سے پہلے تمام اہلکاروں و افسروں کو سکیورٹی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی سرکل کی پولیس کے علاوہ دیگر سکیورٹی ادارے بھی آپ کی راہنمائی کریں گے،انہوں نے اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فنل ایریا کی سکیورٹی انتہائی اہم ہے کسی بھی غیر متعلقہ اتھارٹی یا شخص کو اس مخصوص ایریا میں آنے کی اجازت نہ دی جائے اور کوئی بھی مشکوک شخص، گاڑی یا اشیاء وغیرہ نظر آئیں تو فی الفور قانونی کاروائی کی جائے۔ انہوں نے موٹرسائیکل پر سوار اہلکاروں کو خصوصی طور پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنل ایریا پر جوڑی کی صورت میں پٹرولنگ کریں اور موبائل ڈالوں پر گشت کرنے والے اہلکاروں سے بھی رابطہ میں رہیں۔ ایس پی مجاہد نے انچارج کو سختی سے حکم دیا کہ اس اسپیشل سکیورٹی دستے کے زیر استعمال اسلحہ انتہائی صاف ستھرا اور بہتر ہونا چاہیے، انہوں نے ڈی ایس پی کینٹ مجاہد سکواڈ کو کہا کہ فنل ایریا کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو گاہے بگاہے چیک کریں اور سکیورٹی و دہشت گردی کی بابت اہلکاروں کو بریف کریں کہ فنل ایریا کے علاقہ کی کڑی نگرانی کی جائے اور فورس کو موجودہ ملکی صورتحال و دہشت گردی کے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ شر پسند افراد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں، ایس پی مجاہد نے جوانوں سے کہا کہ اہم قومی اثاثوں کی حفاظت پولیس کا اولین فریضہ ہے ائرپورٹ فنل ایریا کی سکیورٹی کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں برتا جائے گا ۔

مزید :

علاقائی -