سات بھائیوں کا بھائی کے گھردھاوا،میاں بیوی پرتشدد

سات بھائیوں کا بھائی کے گھردھاوا،میاں بیوی پرتشدد

  


صفدر آباد (تحصیل رپورٹر) نواحی گاؤں نواں پنڈ میں سات با اثر بھائیوں نے محنت کش کے گھر میں داخل ہو کر میاں بیوی پر قیامت برپاکر دی ۔ بھاوج کے کپڑے پھاڑ دیئے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا ۔ دونوں میاں بیوی پر تشدد کی انتہا کرتے ہوئے ادھ موا کر دیا ۔ گھر کا سامان اٹھا کر بازار میں پھینک دیا ۔ ملزمان اپنے بھائی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے خاتون خانہ کی انصاف کے لئے دہائی ۔ تفصیل کے مطابق گاؤں کے محنت کش محمد شہباز کو اس کے والد نے اپنے حصہ کا مکان کچھ عرصہ قبل اسے دے دیا جس کا دوسرے بھائیوں کو رنج تھا ۔ اسی رنجش کی بناء پر شہباز کے بھائیوں ریاض، نواز ، نبیل ، لطیف نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنے بھائی شہبازکے گھر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے گھر میں داخل ہو کر شہباز اور اس کی بیوی نسیم اختر پر تشدد کی انتہا کرتے ہوئے مار مار کر ادھ موا کر دیا ۔ حملہ آوروں نے اپنی بھابھی کے کپڑے پھاڑ کر نیم برہنہ کر دیا بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا بعدازاں ان کے گھر کا تمام سامان اٹھا کر بازار میں پھینک دیا ۔ مزاحمت کرنے پر حملہ آور شہباز کو زبردستی اغوا کر کے لے گئے ، شہباز کی بیوی انصاف کی دہائی لے کر مقامی تھانہ میں پہنچی ۔ معززین دیہہ نے دونوں فریقین کے مابین صلح کروانے کی کوشش کی مگر بااثر بھائیوں نے صلح سے انکار کر دیا ۔

متاثرہ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مقدمہ کے اندراج اور اپنے شوہر کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

مزید :

علاقائی -