آزاد عدلیہ کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں:جسٹس تصدق جیلانی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں اورملک میں جمہوری کلچر کے فروغ کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اپنے اعزاز میں د ئیے گئے سپریم کو رٹ بار ایسوسی ایشن کے عشائیے میں شرکت کی،عشائیے میں سپریم کورٹ کے جج صاحبان اور وکلاءبھی شریک تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس تصدق جیلانی کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ جمہوریت کے قیام کے لئے ناگزیر ہے،لوگوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا اور آئین کے آرٹیکل184(3)اور199کانفاذ عدلیہ کا کام ہے ۔جمہوری کلچر کے بغیر جمہوریت قائم نہیں رہ سکتی ،جمہوری کلچر سے مراد برداشت اور دوسروں کے حق کو تسلیم کرنا ہے ۔بار نے عدلیہ کی آزادی کے لئے اہم کردار ادا کیا، آزاد عدلیہ کے لئے وکلاءکا کردار روشن باب ہے ،امید ہے کہ وکلاءکا یہ کردار جاری رہے گا۔ملک میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ہو گا۔ملک کو اس وقت انتشار پھیلانے والوں کی بجائے متحد کرنے والوں کی ضرورت ہے۔