کریبین ایئرلائن کے تمام پائلٹ بیک وقت ’بیمار‘ ہوگئے
نیویارک (نیوز ڈیسک) کسی بھی کاروباری ادارے میں روزانہ کچھ ملازمین کا بوجہ بیماری کام پر نہ آسکتا، معمول کی بات ہے لیکن کریبین ایئرلائن کے ساتھ ایک انوکھا واقعہ پیش آگیا، اس کے تمام پائلٹوں نے ایک ساتھ بیماری کا بہانہ کرکے چھٹی کرلی جس کی وجہ سے ایئرلائن کے تمام جہاز جہاں تھے وہیں کھڑے رہ گئے۔ جنوبی امریکہ کے ملک ٹرینیڈاڈ کی یہ ایئرلائن ملکی اور غیر ملکی شہروں، جن میں میامی، نیویارک اور لندن بھی شامل ہیں، میں روزانہ 22 پروازیں چلاتی ہے اور پائلٹوں کی اچانک چھٹی کی وجہ سے سینکڑوں مسافر مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ ہمارے سارے پائلٹ ایک ساتھ بیمار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی جہاز نہیں اڑا جاسکتا اور مسافروں کو تلقین کی ہے کہ پرواز کے نئے وقت کیلئے وابطے میں رہیں۔ دوسری جانب ایئرلائن کے سی ای او نے ملازمین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا یہے کہ ایئرلائن کیلئے سال کے اس حصے میں پیسہ کمانے کا بہترین موقع ہتا ہے اور اس موقعہ پر اس قسم کے مسئلہ سے یقیناً مسافر ناراض ہوں گے اور ایئرلائن کیلئے مالی مسائل پیدا ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پائلٹ ہڑتال پر ہیں اور انہوں نے ملکر یہ فیصلہ کیا کہ بیماری کی درخواست بھیج کر کام بند کردیا جائے۔